گوجرانوالہ: انٹرنیشنل پہلوان کی 2 بیٹیاں مضرصحت برگرشوارما کھانے سے جاں بحق

پہلوان 7 سالہ بیٹی کی سالگرہ پر نجی فوڈ پوائنٹ پر کھانا کھانے آئے، جس کے بعد ان کی اور 4 بچوں کی طبعیت خراب ہوگئی


ویب ڈیسک June 30, 2025

گوجرانوالہ میں مضر صحت کھانا کھانے سے انٹریشنل پہلوان نوید کی دو بیٹیاں جاں بحق ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق پہلوان نوید اپنی 7 سالہ بیٹی کی سالگرہ پر نجی فوڈ پوائنٹ پر کھانا کھانے آئے، جس کے بعد ان کی اور 4 بچوں کی طبعیت خراب ہوگئی، تمام افراد کو حالت خراب ہونے پر سول اسپتال لایا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق نوید پہلوان کی 2 بیٹیاں دوران علاج دم توڑ گئیں، جن میں 7 سالہ نور فاطمہ اور 4 سالہ جنت شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نوید کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بیٹی کی سالگرہ تھی، باہر کھانا کھایا جس کے بعد میری اور 4 بچوں کی طبعیت خراب ہونے پر سول اسپتال لے کر آئے تھے، اتفاقی حادثہ ہے، کسی کیخلاف کارروائی نہیں کرنی۔

نوید کے اہل خانہ نے کہا کہ یہ اتفاقی حادثہ ہے، کسی کیخلاف کارروائی نہیں کرنی۔

مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے بچیوں کی ہلاکت کے معاملے پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا نوٹس

دوسری جانب ترجمان فوڈ اتھارٹی گوجرانوالہ نے کہا کہ مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے 2بچیوں کی ہلاکت اور 3 بچوں کے زیرعلاج ہونے کے معاملے پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں کو فوراً جاٸے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ فوڈ سیفٹی آفیسرز لواحقین اور ڈاکٹرز سےملاقات کر کے رپورٹ جاری کریں گے، فوڈ سیفٹی ٹیمیں فوڈ پوائنٹ کی بھی انسپکشن کریں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ خوراک کے سیمپل حاصل کر کے لیب تجزیے کے لیے بھجوائے جائیں گے، فوڈ سیفٹی پر کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جاٸے گی، مضر صحت خوراک کا کاروبار کرنے والے افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔

بعدازاں ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے موڑ ایمن آباد میں کریک ڈاؤن کیا، دو فوڈ پوائنٹس بند کرکے مختلف اشیاء کے سیمپل حاصل کرلیے۔

ترجمان کے مطابق کیک، کریم، سرخ مرچ، آئل اور چکن کے سیمپلز تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے، مزید کارروائی سیمپل رپورٹس آنے پر عمل میں لائی جائے گی، لواحقین کی نشان دہی پر فوڈ پوائنٹس کے خلاف کارروائی کی گئی۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچوں کی چند دن پہلے بھی طبیعت ناساز تھی اور میڈیکیشن پر تھے، ڈاکٹرز کے مطابق بچیوں کی ہلاکت کا معاملہ پولیس کیس ہے۔

مقبول خبریں