کوئٹہ:
محکمہ خزانہ بلوچستان نے مالی سال کے پہلے ہی دن 50 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کر دیے، جس سے صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔
ترجمان محکمہ خزانہ کے مطابق حکومت بلوچستان عوامی فلاح و بہبود، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور سماجی ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے پْرعزم ہے۔ یہ فنڈز صحت، تعلیم، آبپاشی، سڑکوں، پینے کے پانی، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں تجویز کردہ منصوبوں کیلیے مختص ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مالی سال کے پہلے دن ترقیاتی فنڈز کے اجراء پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا اجراء کاغذی دعوؤں کا نہیں، عملی خدمت کا آغاز ہے، اب بلوچستان میں باتیں نہیں بلکہ بجٹ کے ہر روپے کا نتیجہ زمین پر نظر آئے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے ثبوت دے دیا کہ نیت صاف ہو تو فیصلہ دنوں میں نہیں، گھنٹوں میں ہوتا ہے، ترقیاتی فنڈز کا فوری اجراء صوبائی حکومت کی عوام سے وابستگی کا واضح پیغام ہے۔