اسلام آباد:
ہائیکورٹ میں ایک اہم کیس کی سماعت کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال دیکھنے میں آئی جب جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور معروف وکیل و پاکستان بار کونسل کے نمائندہ احسن بھون کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔
کیس کے دوران احسن بھون نے کہا کہ ’’کیس میں تو التوا لینا تھا، میں اس لیے آیا ہوں کہ جج صاحب کو دیکھ آؤں کہ کیا چل رہا ہے‘‘۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’’آپ نے کہا کہ آخری چند دنوں کے لیے جو ہیں اُن کو دیکھ آئیں‘‘۔
احسن بھون نے وضاحت دی کہ ’’میرا یہ مطلب نہیں تھا‘‘، تاہم جسٹس اعجاز نے ہنستے ہوئے کہا ’’بھون صاحب، آپ مجھے آخری بار عدالت میں دیکھنے آئے ہیں، آپ کا شکریہ‘‘۔
واضح رہے کہ حال ہی میں جوڈیشل کمیشن نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا مستقل چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظوری دی تھی اور وہ آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے جسٹس سرفراز ڈوگر کی ٹرانسفر اور سنیارٹی کے خلاف درخواست دائر کی تھی، تاہم سپریم کورٹ نے اس ٹرانسفر کو قانون کے مطابق قرار دیتے ہوئے اسے درست تسلیم کیا۔
صدرِ مملکت کی جانب سے بھی جسٹس سرفراز ڈوگر کی ٹرانسفر کو مستقل قرار دیتے ہوئے انہیں سینئر ترین جج تسلیم کیا گیا تھا۔