حکومت مذاکرات کے دروازے کھولے، محمد علی درانی کی عرفان صدیقی سے ملاقات

حکومت بڑے دل کا مظاہرہ کرے، درانی، بارہا مذاکرات کی پیشکش کی مگر پی ٹی آئی احتجاج کا راستہ اپناتی ہے، عرفان صدیقی


اسٹاف رپورٹر July 17, 2025

اسلام آباد:

سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی سینیٹر عرفان صدیقی سے سابق وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے سیاست بند دروازے کھولنے اور اختلاف کے باوجود آگے بڑھنے کا ہنر ہے، پاکستان کو لاحق داخلی اور خارجی خطرات کے پیش نظر سیاسی جماعتوں اور سیاست دانوں کے درمیان بات چیت، تعاون اور بہتر کوآرڈی نیشن کی ضرورت ہے جس میں سنجیدہ مزاج اور تاریخ شناس سیاسی قائدین کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا چاہیے۔

محمد علی درانی نے کہا کہ قومی مفاد میں مذاکرات کے دروازے کھولے جائیں اور اس ضمن میں حکومت کو بڑے دل کا مظاہرہ کرنا چاہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے نہ ہی ایسا رویہ اور سوچ ہماری قیادت اور جماعت کے جمہوری مزاج میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سے زائد مرتبہ مذاکرات کی پیشکش کی لیکن افسوسناک اور حوصلہ شکن پہلو پی ٹی آئی کا رویہ ہے جو باربار پرتشدد احتجاج کا راستہ ہی پسند کرتی ہے۔ 

سینیٹر عرفان صدیقی نے محمد علی درانی کی مثبت سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ جمہوری قوتوں میں تلخ ماضی رہا ہے لیکن انہوں نے اس سے سیکھ کر بہتری کی نئی راہیں تلاش کیں۔ اسی مثبت جمہوری رویے سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔

مقبول خبریں