مذاکرات کامیاب ہونے کے باوجود پنجاب اسمبلی کے 26 معطل اراکین کی بحالی لٹک گئی

اسپیکر پنجاب اسمبلی کے بیرون ملک میں ہونے کی وجہ سے معاملہ لٹک گیا ہے


عائشہ صغیر July 17, 2025

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے تاہم اسپیکر کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے 26 اراکین کی بحالی کا معاملہ لٹک گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان 26 اراکین کی معطلی کے معاملے پر مذاکرات کا تیسرا نتیجہ خیز دور ہوا، جس میں دونوں فریقین نے بات چیت سے معاملات طے کیے جبکہ اپوزیشن نے قواعد و ضوابط کے تحت چلنے کا عندیہ بھی دیا۔

اپوزیشن اور حکومت کے مذاکرات کامیاب ہونے کے باوجود 26 اراکین کی بحالی کا معاملہ لٹک گیا کیونکہ اسپیکر بیرون ملک میں ہیں اور وہ واپس آکر ہی بحالی کے احکامات دے سکتے ہیں۔

اسپیکر کی واپسی تک سیکریٹریٹ کو معطل اراکین کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا گیا ہے۔

حکومتی رکن مجبتیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن رولز ٹو ٹو تھری کی پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، چھبیس اراکین کی معطلی کب ختم ہونی ہے اس کا فیصلہ اسپیکر پنجاب اسمبلی خود کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کے خلاف جو درخواستیں دی ہیں اس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ دیں گے، وہ جب واپس آئیں گے تو پھر ہی مزید کوئی فیصلہ ہوگا۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے تصدیق کی کہ اپوزیشن سے تمام معاملات پر اتفاق ہوگیا، ایوان کا تقدس برقرار رکھنے کیلیے اخلاقی سفارشی کمیٹی بنائی جائے گی جس کے فیصلے سپریم ہوں گے۔

مقبول خبریں