اسلام آباد:
خاتون کو سرعام برہنہ کرنے پر سزائے موت ختم، مجرم کی جائیداد ضبط اور جرمانے کی سزا ہوگی جبکہ 25سال جیل میں بھی گزارنا ہوں گے، اس کے علاوہ ہائی جیکر کو پناہ دینے والے مجرم کو سزائے موت ختم کر کے عمرقید میں بدلنے کا بل پاس ہوگیا۔
سینیٹ نے حوالگی ملزمان، پاکستانی شہریت، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایکٹ میں مزید ترمیم سمیت متعدد دیگر بلز بھی منظور کرلیے۔ ڈپٹی چیٔرمین سینیٹ نے ملازمت کے بہانے بیرون ممالک نوجوان لڑکیوں کو بھجوانے اورانہیں مبینہ طور غیراخلاقی سرگرمیوں میں استعمال کرنے کا معاملہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔
سینیٹر عبدالشکور نے کہا نجی میڈیکل کالجز کی جانب سے لوٹ کا بازار گرم ہے نوٹس لیاجائے۔ دوران اجلاس سینیٹر محمد ہمایون مہمند نے ضمنی سوال کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ ریکروٹنگ اداروں نے پاکستان سے لڑکیوں کو سربیا کے لئے بھرتی کیا ہے جن سے وہاں پر جسم فروشی کرائی جاتی ہے۔ اس معاملے میں کچھ سرکاری لوگ بھی ملوث ہونے کی بات کی جارہی ہے۔
وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا سربیا میں پاکستان سے لڑکیوں کو بھجوانے میں پاکستانی مشن کا کوئی کردار نہیں ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے معاملے کو کمیٹی کے سپرد کردیا۔