وزیراعظم نے طبی آلات کی رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کردیا

اس نظام سے طبی آلات کی رجسٹریشن صرف 20 دن میں مکمل ہو سکے گی جہاں پہلے کئی سال لگتے تھے، شہباز شریف


ویب ڈیسک July 21, 2025

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے طبی آلات کی رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کردیا ساتھ ہی کرپشن کے خاتمہ اور شفافیت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے نئے ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ طبی شعبے میں انقلاب لانا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں اور اگر قوم متحد ہو جائے تو پاکستان کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کا عمل وزارت صحت میں قابل ستائش ہے، جس کا آغاز پی ڈی ایم کے دور حکومت میں ہوا۔ انہوں نے ڈریپ کے سی ای او اور ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی تقرریاں مکمل میرٹ پر کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ اس نظام سے طبی آلات کی رجسٹریشن صرف 20 دن میں مکمل ہو سکے گی، جہاں پہلے کئی سال لگتے تھے اور کرپشن عام تھی انہوں نے زور دیا کہ شفافیت، میرٹ اور اصلاحات سے ہی ادارے مضبوط ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی کامیابی جنرل اظہر کیانی کی قیادت کا نتیجہ ہے اور یہی ماڈل پورے ملک میں اپنانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر معیاری ادویات کی فراہمی اور کرپشن کے خاتمے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

قبل ازیں وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ نئے نظام سے سفارشی کلچر اور رشوت کا مکمل خاتمہ ممکن ہوگا اور گھر بیٹھے درخواست دینے پر 20 دن میں لائسنس جاری ہو جائے گا، نظام میں بار کوڈ اور کیو آر کوڈ کی مدد سے ادویات کی اصلیت، قیمت اور میعاد کی تصدیق ممکن ہو گی۔

وزیر صحت نے آبادی میں خطرناک حد تک اضافے، ناقص پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور شہری منصوبہ بندی کی خامیوں پر بھی توجہ دلائی۔ 

تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے ڈیجیٹل نظام کا باقاعدہ افتتاح کیا اور کوئیک ٹیسٹ پاکستان لمیٹڈ کے سی ای او کو پہلا لائسنس خود دیا۔

مقبول خبریں