لاہور:
پولیس اہلکاروں کی جانب سے کار سوار شہری اور اُس کے خاندان کو ہراساں کرنے اور رقم چھین کر فرار ہونے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
لاہور کے علاقے تھانہ ستوکتلہ میں شہری حسن گلزار کی درخواست پر تھانہ ستوکتلہ پولیس نے تین پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق 19 جولائی کو پولیس اہلکاروں شکیل، صغیر اور الیاس نے حسن گلزار کی گاڑی کو روکا اور چیکنگ کے دوران اُس کے خاندان سے ناروا سلوک اپنایا۔ متاثرہ شہری کے مطابق تینوں اہلکاروں نے نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ اہلِ خانہ کو ہراساں کیا اور بعد ازاں 10 ہزار روپے نقدی چھین کر موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعے کے بعد حسن گلزار نے قانونی کارروائی کے لیے رجوع کیا جس پر پولیس نے مذکورہ تینوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔