جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز ماضی کی طرح اب بھی اپنی فٹنس برقرار رکھے ہوئے ہیں، ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے میچ میں انہوں نے زبردست فیلڈنگ کرکے شائقین کو حیران کر دیا۔
لیجںڈز لیگ میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ میں یوسف پٹھان نے عمران طاہر کی گیند پر باؤنڈری کی طرف شارٹ کھیلا لیکن فیلڈنگ پر موجود ڈی ویلیئرز نے بھاگتے ہوئے کیچ تھامنے کی کوشش کی۔
ڈی ویلیئرز نے یوسف پٹھان کا کیچ تو پکڑ لیا لیکن ان کا جسم باؤنڈری سے ٹکرانے لگا تھا جس پر انہوں نے گیند اپنے ساتھی فیلڈر کی طرف اچھال دی۔
سریل ایروی نے گیند کو ہوا میں بلند ہوتے دیکھ کر ڈائیو مار کر کیچ تھام لیا۔ اس طرح، یوسف پٹھان کو پویلین کی راہ دیکھنی پڑی جبکہ گراؤنڈ کے باہر بیٹھے شائقین کیچ دیکھ کر حیران رہ گئے۔
بھارت کو اس میچ میں ڈی ایس ایل فارمولے کے تحت 88 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔