عالمی انڈر 19 والی بال چیمپین شپ کے اپنے اخری لیگ میچ میں پاکستان ارجنٹائن سے مات کھا گیا۔
فاتح ٹیم سے دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست کے باوجود پاکستان پول چیمپئن بننے میں کامیاب رہا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں جاری چیمپین شپ کے پول اے میں قومی جونیئر ٹیم اپنے اور آخری لیگ میچ میں ارجنٹائن سے ہار گئی۔
سنسنی خیر میچ میں پاکستان نے پہلا سیٹ 24-26 سے اپنے نام کیا، ارجنٹائن نے دوسرا سیٹ 18-25 سے جیت کر مقابلہ 1-1 کر دیا، تیسرے سیٹ میں پاکستان کو 21-25 سے کامیابی ملی لیکن چوتھے سیٹ میں ارجنٹائن نے 16-25 سے کامیابی پاکر مقابلہ 2-2 کردیا۔
پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں ارجنٹائن نے 11-15 سے فتح حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا، قبل ازیں پاکستان نے چاروں لیگ میچز میں کوئی گیم ہارے بغیر فتوحات اپنے نام کی تھیں۔
پاکستان نے بیلجیئم، میزبان ازبکستان، ترکیہ اور پورٹو ریکو کو 0-3 سے ہرایا تھا، ٹاپ 16 کا ناک آؤٹ راؤنڈ بدھ کو کھیلا جائے گا، فائنل 3 اگست کوطے ہے۔