پشاور:
وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے گزشتہ دنوں سوات میں آنے والے سیلاب میں کئی قیمتی جانوں کو اپنی مدد آپ کے تحت بچانے والے رضاکاروں محمد ہلال اور عصمت علی کو 10 ، 10 لاکھ روپے کے چیک پیش کئے۔
یہ چیک وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے محمد ہلال اور عصمت علی کو وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے دیے۔
یہ مالی انعام ان کی دلیرانہ اور بروقت امدادی کارروائیوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ محمد ہلال اور عصمت علی نے قدرتی آفت (سانحہ سوات) کے دوران کئی جانیں بچائیں۔
انجینئر امیر مقام نے دونوں رضاکاروں کی غیرمعمولی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات انسانیت اور حب الوطنی کی حقیقی مثال ہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ ان نوجوانوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی مدد کی، ان کی بہادری امید کی کرن ہے اور یہ یاد دہانی ہے کہ ہماری قومی طاقت اتحاد اور ہمدردی میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے افراد کو تسلیم کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے پرعزم ہے جو بحران کے وقت قوم کی خدمت میں پیش پیش ہوتے ہیں، تمام رضاکاروں اور امدادی کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کیا۔
معزز رضاکاروں نے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ بھی ہر موقع پر قوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر محمد علی شاہ بھی موجود تھے۔