صبا قمر کی صحت یابی کے بعد کام پر واپسی

صبا قمر یکم اگست کو شوٹنگ کے دوران دل میں تکلیف کی وجہ سے بے ہوش ہوگئی تھیں


ویب ڈیسک August 17, 2025

پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے شوٹنگ کے دوران طبیعت خراب ہونے کے واقعے کے دو ہفتے بعد اپنے کام پر واپسی کا اعلان کیا ہے۔

صبا قمر یکم اگست کو شوٹنگ کے دوران دل میں تکلیف کی وجہ سے بے ہوش ہوگئی تھیں، جنھیں ہنگامی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، اور ان کی انجیوگرافی بھی کی گئی تھی۔

اس واقعے کے بعد صبا قمر نے اپنے مداحوں کو انسٹاگرام کے ذریعے اطمینان دلایا تھا کہ وہ جلد ہی کام پر واپس آ جائیں گی۔ اپنی اسٹوریز میں انہوں نے بتایا کہ یہ صحت کا مسئلہ دراصل صدمات، دل شکستگی اور دیگر ذہنی دباؤ کا نتیجہ تھا۔ اداکارہ نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی صدمے یا تکلیف دہ واقعے کو دل میں دبائے رکھنے کے بجائے اس کا اظہار کریں۔

اب اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تقریباً دو ہفتے بعد اپنے نئے منصوبے پر کام شروع کر رہی ہیں۔ انہوں نے لکھا ’’میں نئے پروجیکٹ کے لیے بہت پرجوش ہوں اور ہمیشہ کی طرح اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گی۔‘‘

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ابھی وہ مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئی ہیں، لیکن ان کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔

صبا قمر نے اپنے مداحوں کی دعاؤں کا بھی شکریہ ادا کیا، اگرچہ انہوں نے اپنے نئے منصوبے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

مقبول خبریں