سندھ حکومت نے کراچی میں بارش کے بعد سے کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک سے لائٹ فوری بحال کرنے کی ہدایت کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر وزیر توانائی ناصر شاہ کا کے۔الیکٹرک انتظامیہ سے فوری رابطہ کیا۔
وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے کے الیکٹرک حکام کو ہدایت کی کہ کئی گھنٹوں سے بجلی بند علاقوں میں بجلی فوراً بحال کی جائے، بجلی بندش سے گھروں میں پانی کی فراہمی متاثر، عوام شدید پریشانی میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے بھی بجلی لازمی ہے، عوامی مشکلات کے پیش نظر شہر بھر میں بجلی بحالی یقینی بنائی جائے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فلیٹس میں رہائشی بغیر پنکھوں اور روشنی کے کرب میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کے۔الیکٹرک نے مختلف علاقوں میں فوری بجلی بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔