کولمبیا کے شہر کالی میں ایئربیس پر دہشتگرد حملے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق حملہ آوروں نے ایئربیس کو نشانہ بنانے کے لیے کار بم دھماکے اور ڈرونز کا استعمال کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اصل ہدف ملٹری ایوی ایشن اسکول تھا۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ قریبی عمارتیں لرز اٹھیں اور لوگوں نے گھبرا کر عمارتیں خالی کر دیں۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد بیس کے سامنے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
کالی کے میئر نے بتایا کہ دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے ہیں۔ مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر شہر میں بڑے ٹرکوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
گورنر نے واقعے کو دہشتگرد حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "دہشتگرد ہمیں خوفزدہ کر سکتے ہیں لیکن شکست نہیں دے سکتے۔" امدادی کارکنوں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔
تاحال حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔