بانی پی ٹی آئی کو ضمانت دینے سے عدالت عظمیٰ کا سر بلند ہوا، اعظم سواتی

یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آج بھی عدالتیں حق اور انصاف کا فیصلہ دے سکتی ہیں، پی ٹی آئی رہنما


ویب ڈیسک August 22, 2025

پشاور:

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ضمانت دینے کے فیصلے سے عدالت عظمیٰ کا سر بلند ہوا ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اعظم سواتی نے کہا کہ  یہ فیصلہ انسانی حقوق کی بنیاد پر ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ آج بھی عدالتیں حق اور انصاف کا فیصلہ دے سکتی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے اپوزیشن لیڈر چنا، کوشش کروں گا کہ بانی پی ٹی آئی سے میری ملاقات ہو، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں سینٹر میں اپوزیشن لیڈر کی نشست شبلی فراز کی عزت میں خالی رکھنے کی سفارش کروں گا۔

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ اللہ کے بعد بانی پی ٹی آئی کا مشکور ہوں کہ جنہوں نے مجھے اہم عہدے کے لیے نامزد کیا، تمام آئینی اور قانونی عوامل استعمال کرکے شبلی فراز کو واپس اپوزیشن لیڈر سینٹ بنانے کی کوشش کریں گے۔ ہم شبلی فراز کی عزت کیلئے ان کی سیٹ کو خالی چھوڑیں گے، انکو نااہل کرنا اچھا فیصلہ نہیں، کمپرومائز قبول نہیں کریں گے۔

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ جس کو بھی سزا ہوگی پی ٹی آئی اس کے ساتھ کھڑی ہوگی، علیمہ خان کے ساتھ جو ہوا وہ کارروائی تیرہ اگست سے میرے گھر سے شروع ہوئی، اس سے عوام کا غم و غضہ بڑھ رہا ہے، علیمہ خان کے بیٹے کو فوری چھوڑا جائے۔

قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ میں اعظم سواتی کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کے لیے دائر درخواست پر جسٹس وقار احمد اور جسٹس کامران حیات میاں خیل نے سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ کے مطابق اعظم سواتی کا نام پہلے ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا، عدالت نے نام نکالنے کے احکامات جاری کئے، عدالت نے حکم دیا کہ کسی بھی لسٹ میں نام شامل ہو، عدالتی احکامات کے باوجود اعظم سواتی کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی تو ہم نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔

جسٹس وقار احمد نے استفسار کیا کہ توہین عدالت کی درخواست کب سماعت کے لئے مقرر ہے؟ اس کے ساتھ ہم اس کیس کو بھی سنیں گے، توہین عدالت کیس میں ہم نے ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کیا ہے۔ وفاقی حکومت سے بھی جواب مانگا ہے، عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔

مقبول خبریں