کراچی:
ایشیائی ترقیاتی بینک کی ریکوڈک منصوبے کے لیے 41 کروڑ ڈالر کا پیکیج فراہم کرنے کے عندیے، پاکستان اور چین کی سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے کو وسعت دینے کے فیصلے اور عرب کروڈ آئل کی قیمت میں کمی جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعہ کو 11ویں دن بھی ڈالر کی بہ نسبت روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر بڑھنے کی توقعات، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ترسیلات کا حجم 10ارب 70کروڑ ڈالر کی سطح تک پہنچنے اور ایک ارب ڈالر کے پانڈا بانڈز متعارف کرانے کی حوصلہ افزا خبروں سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔
ایک موقع پر ڈالر کی قدر 26پیسے کی کمی سے 281روپے 66پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی کی بہتر صورتحال کے ساتھ ہی درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 2پیسے کی کمی سے 281روپے 90پیسے کی سطح پر بند ہوئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 11پیسے کی کمی سے 284روپے 10پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جولائی 2025ء میں کرنٹ اکاؤنٹ دوبارہ خسارے میں آگیا ہے لیکن مرکزی بینک نے پیش گوئی کی ہے کہ یہ خسارہ انتہائی محدود رہے اور اس خسارے کی جی ڈی پی تناسب سے شرح صفر سے 1فیصد کے درمیان محدود رہے گی۔