ایف آئی اے کی حوالہ ہنڈی کے خلاف کوئٹہ میں  کارروائی، 3 افراد گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 17 لاکھ روپے، موبائل فونز، حوالہ ہنڈی کے پیغامات اور دیگر شواہد برآمد ہوئے، ترجمان


ویب ڈیسک August 23, 2025

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجا کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں، اسی سلسلے میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کوئٹہ نے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد میں محمد عمر، لعل محمد اور عبدالولی شامل ہیں جنہیں کوئٹہ سے حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 17 لاکھ روپے، 4 موبائل فونز، حوالہ ہنڈی سے متعلق پیغامات، رجسٹرز اور دیگر شواہد برآمد ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے کوئی تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی کے ساتھ ساتھ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں بھی ملوث تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں