خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے مزید 5 دیہات کے ٹی ڈی پیز کو اپنے علاقوں میں واپس جانے کی اجازت دیدی گئی۔ آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنیوالوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے مزید 5 گاؤں کے لوگوں کو واپسی کی اجازت دیتے ہوئے اعلامیہ جاری کردیا۔ جس کے مطابق ریاستی عمل داری بحال ہونے کے بعد گاؤں سیرئے ملان، سیرئے میاں گان، لنڈئے کلان، بلال مسجد ترخو اور شمشیرگر قلعہ ترخو کے لوگ واپس جا سکتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ درجہ بالا علاقوں کے باشندوں کے صبر و تحمل اور قربانیوں کو سراہتی ہے اور پر عزم ہیں کہ تمام متاثرہ خاندانوں کی جلد، باعزت اور محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جائے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ تمام مکینوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ مذکورہ علاقوں کے باشندے اپنے گھریلو سامان کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس جا سکتے ہیں اور پر امن زندگی گزار سکتے ہیں، ریاست ان کو مکمل حفاظت اور معاونت فراہم کرے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باقی علاقوں کے متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا عمل مرحلہ وار اور منظم طریقے سے مکمل کیا جائے گا، جو متعلقہ علاقوں کی کلیئرنس سے مشروط ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ تمام متاثرہ خاندانوں کی جلد، باعزت اور محفوظ واپسی کے لئے پر عزم ہے۔