کراچی:
لیاری اور سہراب گوٹھ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
کلری کے علاقے لیاری آگرہ تاج کالونی غازی مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 18 سالہ محمد طلحہٰ ولد محمد طارق کے نام سے کی گئی ، فائرنگ کا واقعہ گھر کے قریب جھگڑے کے دوران پیش آیا ، صدام نامی ملزم نے سر پر گولی ماری اور فرار ہوگیا۔
علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات اور ملزم کی گرفتار کے لیے چھاپے مار رہی ہے ، سہراب گوٹھ کے علاقے مچھرکالونی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، زخمی ہونے والے شخْس کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 32 سالہ لال محمد ولد بابا میر کے نام سے کی گئی ، فائرنگ کا واقعے زاتی رنجش کا شاخسانہ ہے ، علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
بغدادی کے علاقے لیاری یوسفی مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 19 سالہ عبداللہ ولد عرفان کے نام سے کی گئی ، زخمی ہونے والے شخص کی کمر پر ایک گولی لگی ہے ، حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ، علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔