کراچی:
سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان میں غیر قانونی رہائش اختیار کرنے والی سری لنکن خاتون کی ایف آئی اے کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
ہائیکورٹ میں پاکستان میں غیر قانونی رہائش اختیار کرنے والی سری لنکن خاتون کی ایف آئی اے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل ضیاء اعوان ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ نیم رسیا شیرف خاتون کی 15 سال پہلے سعودی عرب میں پاکستانی جاوید اقبال سے شادی ہوئی تھی۔ شوہر کی بیماری کے باعث خاتون پاکستان میں تھی اس کا ویزہ ختم ہوگیا۔
وکیل نے کہا کہ خاتون بیمار شوہر کے ساتھ رہائش پزیرتھی، ایف آئی اے نے سری لنکا جانے سے روک دیا ہے۔ ایف آئی اے نے خاتون پر 18 لاکھ روپے جرمانہ کردیا ہے، سیکڑوں لوگ پاکستان میں غیر قانونی طورپر رہ رہے ہیں۔
درخواستگزار کے وکیل نے مزید کہا کہ عدلیہ پہلے بھی اس طرح کے جرمانے معاف کرچکی ہے۔ خاتون اپنے 3 بچوں کے پاس سری لنکا جانا چاہتی ہے۔ جرمانہ معاف کر کے خاتون کو سری لنکا جانے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے ایف آئی اے اور دیگر کو 11 ستمبر کے لیئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔