سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی میں 30 اگست تک کی پیش رفت کے حوالے سے پاور ڈویژن کی رپورٹ جاری کردی گئی۔
پاور ڈویژن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پیسکو کے علاقے سوات، بنر، شانگلہ، صوابی اور ڈی آئی خان کے 12 گرڈز اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے، پیسکو کے 84 فیڈرز مکمل اور 7 جزوی طور پر بحال کیے گئے۔
پاور ڈویژن نے کہا کہ پیسکو کے علاقے صوابی اور ڈی آئی خان میں بجلی کی بحالی کا کام مکمل ہوگیا، گیپکوکے زیرِ انتظام علاقوں سیالکوٹ، نارووال، وزیرآباد اور حافظ آباد کے 10 گرڈز اور 87 فیڈرز متاثر ہوئے۔
اس میں مزید بتایا گیا کہ گیپکوکے 68 فیڈرز مکمل اور 17 جزوی طور پر بحال کردیے گئے، لیسکو میں لاہور، اوکاڑہ، شيخوپورہ، قصور اور ننکانہ کے 56 متاثرہ فیڈرز جزوی طور پر بحال کیے گئے، مکمل بحالی 31 اگست سے 5 ستمبر تک متوقع ہے۔
رپورٹ پاور ڈویژن کے مطابق فیسکو کے زیرِ انتظام علاقوں فیصل آباد ، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈی آئی خان کے 17 گرڈ اور 53 متاثرہ فیڈرز عارضی طور پر بحال کردیے گئے، میپکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں 67 فیڈرز متاثر ہوئے، میپکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں پانی اترتے ہی متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا عمل فوری شروع ہو جائے گا۔
رپورٹ پاور ڈویژن نے کہا کہ ٹیسکو کے علاقے شمالی وزیرستان کے 2 متاثرہ فیڈرز عارضی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں، مکمل بحالی 5 ستمبر تک متوقع ہے، یوں مجموعی طور پر 39 گرڈ اور 356 متاثرہ فیڈرز میں سے 152 کو مکمل اور 202 کو عارضی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
پاور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق ڈسکوز کی فیلڈ ٹیمیں دن رات بحالی کے کام میں مصروف ہیں، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد از جلد مکمل بحال کی جائے گی۔