سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی ، پاور ڈویژن کی تازہ رپورٹ جاری

حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا


ویب ڈیسک September 02, 2025

حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔پاور ڈویژن کی 2 ستمبر تک کی رپورٹ کے مطابق بجلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، اور بیشتر علاقوں میں فیڈرز اور گرڈ سٹیشنز کو مکمل یا جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیسکو کے زیر انتظام سوات، بونیر، شانگلہ، صوابی اور ڈی آئی خان کے علاقوں میں 12 گرڈسٹیشنز اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے۔

ان میں سے 85 فیڈرز مکمل جبکہ 6 جزوی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔اسی طرح گیپکو کے 10 گرڈسٹیشنز اور 87 متاثرہ فیڈرز میں سے 82 مکمل بحال ہو چکے ہیں، جبکہ 5 فیڈرز جزوی طور پر بحال کیے گئے ہیں۔

لیسکو کے تحت لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ کے 62 فیڈرز متاثر ہوئے، جن میں سے 43 فیڈرز کو جزوی طور پر بحال کیا جا چکا ہے۔ ان علاقوں میں مکمل بحالی کا عمل 2 ستمبر سے 5 ستمبر کے دوران مکمل ہونے کی توقع ہے۔

فیسکو کے زیرِ انتظام فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈی آئی خان میں 26 گرڈ اسٹیشنز اور 76 فیڈرز متاثر ہوئے۔ اب تک 72 فیڈرز کو عارضی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

میپکو کے علاقوں میں 126 متاثرہ فیڈرز کو عارضی طور پر بحال کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جیسے ہی متاثرہ علاقوں سے پانی کی سطح کم ہو گی، مکمل بحالی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ٹیسکو کے زیرِ انتظام شمالی وزیرستان اور خیبر میں 10 فیڈرز متاثر ہوئے، جن میں سے ایک فیڈر مکمل اور 4 فیڈر عارضی طور پر بحال کیے جا چکے ہیں۔

ہیزیکو کے علاقے مانسہرہ میں 3 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 2 فیڈرز مکمل طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔پاور ڈویژن کے مطابق مجموعی طور پر ملک بھر میں 48 گرڈ سٹیشنز اور 455 فیڈرز متاثر ہوئے تھے، جن میں سے 170 فیڈرز کو مکمل اور 256 کو عارضی طور پر بحال کیا جا چکا ہے۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی مکمل بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولت فراہم کی جا سکے۔

مقبول خبریں