کراچی : پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کیلئے عوام پریشان، ٹاؤن کے پاس ڈیٹا ہی نہیں

پراپرٹی ٹیکس کرپشن کا ذریعہ بن گیا، شہریوں کو منہ مانگی رقم کا تقاضا کر کے پراپرٹی ٹیکس بنائے جار ہے ہیں


نعیم خانزادہ September 02, 2025
فوٹو فائل

کراچی میں پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے مختلف ٹاونز میں مکانات دکانوں فلیٹس کی تفصیلات ہی میسر نہیں جس کی وجہ سے امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو مالی طور پر مستحکم کر نے کے لئے لوکل ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس ٹاونز کے سپرد کردئیے تھے جس پرامید ظاہر کی جا رہی تھی کہ نچلی سطع پر ٹاؤنز انتظامیہ مالی طور پر مستحکم ہوگی لیکن صورتحال اس کے بالکل برعکس دکھائی دیتی ہے۔

مبینہ طور پر پراپرٹی ٹیکس کرپشن کا ذریعہ بن گیا ہے، شہریوں کو منہ مانگی رقم کا تقاضا کر کے پراپرٹی ٹیکس بنائے جار ہے ہیں، شہریوں کو جائیداد کی خرید وفروخت کے دوران پراپرٹی ٹیکس کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹاؤنز میں پراپرٹی ٹیکس کے اختیار آنے کے بعد صورتحال خراب ہوگئی ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ٹاؤنز انتظامیہ کے پاس مکمل کوائف بھی موجود نہیں ہے جبکہ زیادہ تر تعینات ڈائریکٹرز کا تعلق سندھ حکومت سے ہے اور ان کو ٹاؤنز میں ذمہ داریاں دی گئی ہے جس کی وجہ سے مزید انتظامی بحران پیدا ہورہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹاؤنز کے پاس مکانات دکانوں فلیٹس کی مکمل تفصیلات بھی نہیں ہیں اور مبینہ طور پر ایجنٹس وہاں موجود ہیں جو پراپرٹی ٹیکس کو مبینہ رشوت کے عوض کم کرادیتے ہے جس میں مبینہ طور پر ٹاؤنز انتظامیہ بھی ملوث بتائی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ تمام ہی ٹاؤنز میں بے ہنگم انداز سے پراپرٹی ٹیکس کے امور چلائے جار ہے ہیں جس کی وجہ سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس جمع کرنے کا اختیار ٹاؤنز کو دیا گیا لیکن کوئی حکمت عملی نہیں بنائی گئی جس کی وجہ سے امور بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس جمع کرانے میں شدید مشکلات آرہی ہے کوئی رہنمائی کرنے کے لئے تیار نہیں، ایجنٹس پریشان کرتے ہیں جو وہاں موجود ہوتے ہے اور ٹاؤن کا عملہ بھی پریشان کررہا ہے۔

اس حوالے سے شہریوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ پراپرٹی ٹیکس کے حوالے سے درپیش مشکلات کو ختم کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد ٹاؤنز میں اب تک تعین نہیں ہوا کہ مکان کس ٹاؤن میں آتا ہے، ایک افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ اس وقت پراپرٹی ٹیکس میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہورہی ہے لیکن انہیں کوئی روکنے والا نہیں ہے، شہر کے تمام ہی ٹاؤنز میں اس حوالے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مقبول خبریں