کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گھر سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی جبکہ گڈاپ میں قبرستان سے ایک شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 10 ون مینا بازار کے قریب گھر سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے اسپتال منتقل کیا۔
ایس ایچ او سرجانی پولیس عرفان آصف نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت 19 سالہ درخشاں دختر عبدالرشید کے نام سے کی گئی جبکہ اہلخانہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ متوفیہ کی طبعی موت واقع ہوئی ہے جو کہ سانس کی بیماری میں مبتلا تھی۔
ایک سوال جواب میں ایس ایچ او نے اس بات کی تردید کی ہے کہ متوفیہ کی لاش چند روز پرانی تھی۔ تاہم، پولیس واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
دریں اثنا، گڈاپ کے علاقے سپر ہائی وے خلیجی قبرستان کے قریب سے ضعیف العمر شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا ۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔
ڈیوٹی افسر تھانہ گڈاپ کے مطابق متوفی کی شناخت 60 سالہ خورشید احمد کے نام سے کی گئی جبکہ فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا۔ تاہم، پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے ۔