پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، 80 کلو آٹے کی بوری کے قیمت میں مزید 300 روپے کا اضافہ ہوگیا اور بوری کی قیمت 10 ہزار سے بڑھ کر 10300 روپے ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آٹے کی قیمتوں میں اب تک ساڑھے چار ہزار روپے فی بوری کا اضافہ ہوا ہے، 20 کلو آٹے کی بوری اسپیشل 2400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
پنجاب سے سپلائی پر پابندی عائد کرنے کے بعد آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دوسری طرف روٹی کا وزن مسلسل کم ہو رہا ہے اور 170 گرام سے روٹی 120 گرام جبکہ 100 گرام سے 60 گرام تک روٹی آگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پرانے اسٹاک کو بھی نئی قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا ہے، پشاور میں آٹا بحران سلسل شدت اختیار کر رہا ہے، قبائلی علاقہ جات کو آٹے کی اسمگلنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ افغانستان کو بھی اسمگلنگ اور سپلائی کا سلسلہ جاری ہے۔