صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نے جرات، بہادری اور عزم و استقلال کی جو مثال قائم کی، وہ ہماری قومی تاریخ کا سنہری باب ہے۔
وزیر توانائی نے یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع میں پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ قوم کے حوصلے بھی بلند کیے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم ایم عالم جیسے دلیر پائلٹس نے اپنی صلاحیت اور شجاعت سے دنیا کی عسکری تاریخ میں سنہری نقوش چھوڑے۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں اور ہمیں یہ یاد دہانی کراتی ہیں کہ وطن کی حفاظت سب سے مقدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، اعلیٰ تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنا رہی ہے۔ قوم اپنے ان شاہینوں پر فخر کرتی ہے جو ہر مشکل وقت میں ڈٹ کر وطن کے دفاع کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔