پشاور، باجوڑ کے کلیئر شدہ علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا آغاز شروع

سیکیورٹی فورسز نے کامیابی کے ساتھ آپریشن مکمل کر کے ان علاقوں کو محفوظ قرار دیا ہے


ویب ڈیسک September 09, 2025

پشاور:

باجوڑ کے تحصیل ماموند کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے بعد ریاستی عملداری بحال کر دی گئی ہے، جس کے بعد متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اس حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق لرکلان، برکلان، غنم شاہ، چمیار جوڑ اور چوترہ واڑہ ماموند کے علاقوں کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے اور ان علاقوں میں ریاست کی رٹ بحال ہو چکی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے کامیابی کے ساتھ آپریشن مکمل کر کے ان علاقوں کو محفوظ قرار دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کے متاثرہ خاندان اب اپنے گھروں کو واپس جا سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے متاثرین کو پوری سیکیورٹی، سہولیات اور باعزت واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ باقی علاقوں کے متاثرہ خاندانوں کو مرحلہ وار واپس بھیجا جائے گا۔ اس سلسلے میں مکمل منصوبہ بندی کی جا چکی ہے اور تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے باجوڑ کے عوام کے صبر، قربانی اور ریاست پر اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی واپسی ایک باعزت اور منظم طریقے سے کی جائے گی۔

مقبول خبریں