موسمیاتی تبدیلی سے زرعی معیشت کو شدید چیلنجز درپیش ہیں، وزیر خزانہ

پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ ماحولیاتی خطرات سے دوچار ممالک میں شامل ہے، محمد اورنگزیب


ویب ڈیسک September 09, 2025

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ ماحولیاتی خطرات سے دوچار ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلی سے زرعی معیشت کو شدید چیلنجز درپیش ہیں۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ایکیومن پاکستان کی قیادت نے ملاقات کی جس میں موسمیاتی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ایکیومن پاکستان کی سی ای او اور کنٹری ہیڈ ڈاکٹر عائشہ خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ایکیومن کی ٹیم نے وزیر خزانہ کو پاکستان کیلئے 9 کروڑ ڈالر مالیات کے ایگریکلچر ریزیلینس فنڈپر پیشرفت سے آگاہ کیا جو زراعت کے شعبے میں موسمیاتی اثرات سے بچاوٴ کیلئے ایک مخصوص قرض کی سہولت ہے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ ماحولیاتی خطرات سے دوچار ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلی سے زرعی معیشت کو شدید چیلنجز درپیش ہیں۔

وزیر خزانہ نے زرعی لچک بڑھانے کیلئے جدید مالیاتی ماڈلز کی اہمیت پر زور دیا، جو موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنے کیلئے قابل بنانے کے علاوہ خوراک کی حفاظت کو بہتر بنا سکتے ہیں اور دیہی روزگارمیں سہولت فراہم کرسکتے ہیں۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق اگلے ماہ ایکیومن بورڈ ممبران اور عالمی سرمایہ کاروں کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا وفد اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرے گا۔

مقبول خبریں