مزدور کا حق دلائیں گے! رومہ مشتاق مٹو کا مزدوروں کے لیے بڑا اعلان

یہ واقعہ کراچی کے علاقے مرتضیٰ چورنگی میں پیش آیا جہاں صفائی کے دوران مزدور اقبال مسیح جان کی بازی ہار گئے


ویب ڈیسک September 09, 2025

کراچی:

سندھ اسمبلی کی رکن اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور، رومہ مشتاق مٹو نے کہا ہے کہ دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے مزدور اقبال مسیح کی قربانی پورے مزدور طبقے کے لیے ایک پیغام ہے کہ ان کے حقوق کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن منارٹیز وِنگ کے صدر جناب مشتاق مٹو بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے مرتضیٰ چورنگی میں پیش آیا، جہاں صفائی کے دوران حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث مزدور اقبال مسیح جان کی بازی ہار گئے۔

رومہ مشتاق مٹو نے کہا کہ یہ مزدور طبقے کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلسل جدوجہد اور مذاکرات کے نتیجے میں متاثرہ خاندان کے ایک بیٹے کو ملازمت دی گئی ہے جبکہ دونوں نجی اداروں کی طرف سے چار چار لاکھ روپے معاوضہ بھی دلایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی مزدوروں کی اجتماعی طاقت اور اتحاد کی جیت ہے، تاہم یہ جدوجہد یہیں ختم نہیں ہوتی۔ وہ اس معاملے کو سندھ اسمبلی کے فلور پر بھی بھرپور طریقے سے اٹھائیں گی تاکہ مستقبل میں کوئی مزدور اس طرح اپنی جان نہ گنوائے۔

اس موقع پر جناب مشتاق مٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مشن پر کاربند ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں، کسانوں اور محنت کش طبقے کے لیے آواز بلند کی ہے اور قربانیاں دی ہیں۔ مزدوروں کے جائز حقوق کے لیے جدوجہد ہر محاذ پر جاری رہے گی۔

رومہ مشتاق مٹو اور مشتاق مٹو نے آخر میں کہا کہ "مزدور کا پسینہ سُوکھنے نہ دیں گے، اُس کا حق ضرور دلائیں گے۔"

مقبول خبریں