وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے سیلاب سے متاثرہ عوام اور علاقوں کی بحالی کے جامع فریم ورک کی تیاری کا فیصلہ کرلیا۔
اس سلسلے میں 14 رکنی اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو کمیٹی کی کنوینئر مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطبق کمیٹی سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی میکانزم اور بحالی کا جامع فریم ورک تیار کرے گی، خصوصی صحت، میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ایمرجنسی سروسز، آبپاشی، زراعت کے صوبائی وزرا کمیٹی کے ارکان مقرر کئے گئے ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب کے علاوہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین بھی کمیٹی کے ارکان بنائے گئے ہیں، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین کمیٹی کے سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
آبپاشی، زراعت، خزانہ، ایمرجنسی سروسز (ریسکیو 1122) کے سیکرٹری بھی کمیٹی کے ارکان مقرر کر دیے گئے، کمیٹی کے دیگر ارکان میں اربن یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل بھی شامل ہیں۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ کمیٹی بوقت ضرورت ماہرین یا مزید افراد کو بھی رکن بنا سکتی ہے، کمیٹی سیلاب متاثرہ علاقوں میں بروقت اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے امدادی میکانزم تیار کرے گی، سیلاب متاثرہ طبقات کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے جامع فریم ورک تیار کیا جائے گا۔
کمیٹی بحالی کے اقدامات کے لیے فنڈنگ کے تقاضوں کا تعین اور ممکنہ وسائل کی نشاندہی کرے گی، کمیٹی فصلوں، گھروں اور دیگر نقصانات کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی۔
تاریخ میں پہلی مرتبہ دریائی علاقوں، ان کے راستوں اور آبی گزرگاہوں کی ڈیجیٹل میپنگ کی جائے گی، کمیٹی فوری، وسط مدتی اور طویل المدتی اقدامات، اہداف کے تعین کے ساتھ عمل درآمد پلان بھی تیار کرے گی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی ایک ہفتے کے اندر رپورٹ وزیراعلیٰ کے سامنے پیش کرے گی۔