’12 ارب کی لاگت سے بننے والی شاہراہ بھٹو بارہ ہفتے بھی قائم نہیں رہ سکی‘

پیپلزپارٹی کی بدعنوان حکومت کے بوگس پروجیکٹس بارش کا پہلا ہی دباؤ برداشت نہ کرسکے، ترجمان ایم کیو ایم


ویب ڈیسک September 10, 2025
فوٹو فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے حالیہ بارشوں کے دوران شاہراہ بھٹو اور نیو حب کینال کے متعدد مقامات سے بہہ جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی بدعنوان حکومت کے بوگس پروجیکٹس بارش کا پہلا ہی دباؤ برداشت نہ کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو صاحب کے نام کو کرپشن زدہ اور ناقص منصوبوں پر استعمال کرنا پیپلزپارٹی کا اصل ہنر ہے۔

ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ سندھ حکومت نے شاہراہ بھٹو کی تعمیر کے دوران عالمی اداروں کی انوائرمینٹل اسسمنٹ کو یکسر نظرانداز کیا، جس کے باعث ملیر ندی نے زمین واگزار کرتے ہوئے شاہراہ کے حصے کو اپنے ساتھ بہا لیا۔

پارٹی کا کہنا تھا کہ 12 ارب روپے کی لاگت سے بننے والی نیو حب کینال بارہ ہفتے بھی قائم نہیں رہ سکی اور ڈسٹرکٹ ویسٹ و کیماڑی کے عوام اس منصوبے سے کسی طور پر مستفید نہیں ہو پا رہے۔

ایم کیوایم پاکستان نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ شاہراہ بھٹو اور نیو حب کینال میں ہونے والی بڑی پیمانے پر کرپشن کی فی الفور تحقیقات کرائیں تاکہ عوام کے پیسے کا احتساب ہوسکے۔

مقبول خبریں