کراچی:
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی خصوصی ہدایت پر گورنر ہاؤس کراچی میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں سولہویں روز بھی خواتین کے لیے ایک پرنور محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔
اس روح پرور محفل میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔
محفل کا ماحول محبتِ رسول ﷺ سے سرشار نظر آیا، جہاں حاضرین پر نعتیہ کلام کی صورت میں روحانی کیفیت طاری رہی۔
محفل میں معروف نعت خواں شگفتہ عمران نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں اپنی خوبصورت آواز میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، جس پر شرکاء کی آنکھیں نم اور دل عشقِ رسول ﷺ سے لبریز ہو گئے۔
اختتام پر وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔