کراچی میں 3 دن ہلکی بارش اور بوندا باندی کی پیش گوئی، سمندری ہوائیں بحال

درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے


ویب ڈیسک September 13, 2025

کراچی:

شہر قائد  میں آئندہ تین دن تک ہلکی بارش اور بوندا باندی کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ سمندری ہوائیں بھی بحال رہیں گی۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق شہر قائد میں آئندہ 3 روز تک مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی بھی متوقع ہے جب کہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سمندری ہوائیں مسلسل بحال رہیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے تاہم مشرقی ساحلی پٹی پر کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں پانی کی سطح 5 لاکھ 44 ہزار 658 کیوسک ہے۔

سکھر بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب کے دوران پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 70 ہزار 580 کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کے ساتھ پانی کی سطح 2 لاکھ 62 ہزار 509 کیوسک ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں