آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس پاکستان کے حق میں رہا، جس پر قومی ٹیم کی کپتان نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 247 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کیلیے 248 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ٹاس کے دوران بھارتی کپتان نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سے روایتی مصافحہ نہیں کیا۔
پاکستان کی اننگز
بھارت کے 248 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو آغاز اچھا نہ مل سکا اور 26 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں تھیں۔ پہلی آؤٹ ہونے والی کھلاڑی منیبا تھیں جو صرف 6 کے مجموعی اسکور پر 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں۔
اس کے بعد دوسری وکٹ 20 رنز پر صدف شمس کی گری جنہوں نے 24 گیندوں پر صرف 6 رنز بنائے، پھر تیسری آؤٹ ہونے والی کھلاڑی عالیہ ریاض تھیں جو 26 رنز پر پویلین لوٹیں۔
اس کے بعد سدرہ امین اور نتالیہ پرویز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 21 اوور کے اختتام پر اسکور کو 58 رنز تک پہنچایا۔ پھر 95 کے مجموعی اسکور پر نتالیہ 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
اس کے بعد 102 رنز پر فاطمہ ثنا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں اور پھر 143 پر سدرہ نواز بھی آؤٹ ہوگئیں انہوں نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔ ساتویں آؤٹ ہونے والی کھلاڑی رامین تھیں جو بغیر کسی رن بنائے پویلین لوٹیں۔
سدرہ امین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز بنائے مگر وہ 150 کے مجموعی اسکور پر کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئی، یوں بھارت کی میچ پر گرفت مزید مضبوط ہوئی، پھر 158 اور 159 پر مزید دو کھلاڑی آؤٹ ہوگئیں۔
248 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 43 اوورز میں 159 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، سدرہ امین 81 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں، بھارت کی جانب سے کرنتی اور دپتی نے تین تین جبکہ شنے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کی اننگز
بھارت کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز پرتیکا اور سمرتی نے کیا اور مجموعی اسکور میں 48 رنز جوڑے، اس موقع پر پاکستان کو پہلی کامیابی ملی۔
بھارتی ٹیم کی آخری کھلاڑی 50ویں اوور کی آخری گیند پر 247 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئیں۔ ہرلین دیول 46 اور رچا گوش 35 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ پاکستان کی جانب سے دانیا بیگ نے 4، سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2، 2 جبکہ رامین اور نشرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ویمن ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کوالیفائر میں اچھی کارکردگی دکھائی، آج بھی بہتر پرفارم کریں گے۔
یاد رہے کہ سری لنکن محکمہ موسمیات نے آج کولمبو میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔