پی آئی اے کی نجکاری آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ اور ڈسکوز کی نجکاری بھی زیر غور ہے، سینیٹر محمد اورنگزیب


ارشاد انصاری October 07, 2025
فوٹو: فائل

 وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ اور ڈسکوز کی نجکاری بھی زیر غور ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اکیومن کی بانی و سی ای او جیکولین نووگراٹز کی سربراہی میں وفد نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری، موسمیاتی لچک اور معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وفد کی قیادت اکیومن کی بانی و سی ای او جیکولین نووگراٹز نے کی، وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی استحکام اور جاری اصلاحات سے آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے اے آئی، ڈیٹا اینالٹکس اور ڈیجیٹل انضمام پر زور دیا۔

اس موقع پر مہمان وفد کو توانائی لاگت، سرمایہ کاری ماحول اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 11 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے، پاکستان کے چین کے ساتھ 24 نئے مشترکہ منصوبے طے پائے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ کی آوٴٹ سورسنگ اور ڈسکوز کی نجکاری زیرِ غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نجی شعبہ ملکی معیشت کا انجن ہے، حکومت برآمدات پر مبنی ترقیاتی ماڈل کی طرف بڑھ رہی ہے، مالی نظم و ضبط اور ٹیرف اصلاحات سے معاشی استحکام ممکن ہے، پاکستان رواں سال کے اختتام سے قبل پہلا پانڈا بانڈ جاری کرے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی تمام ادائیگیاں آئندہ مالی سال کے اختتام تک ڈیجیٹل ہو جائیں گی، بیرونی منافع و ڈیوڈنڈ کی ادائیگیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، 500 ملین ڈالر یوروبانڈ کی ادائیگی معمول کے لین دین کے طور پر مکمل کی گئی ہے۔

 محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی اور آبادی جیسے دو بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔

اکیومن نے موسمیاتی لچکدار زراعت اور غربت مٹانے کی کوششوں کو سراہا۔  سی ای او اکیومن جیکولین نووگراٹز نے کہا کہ پاکستان کے تجربات واقعی غیر معمولی رہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں اکیومن کا 90 ملین ڈالر کا ایگریکلچر رزیلینس فنڈ زیرِ عمل ہے، فنڈ کا مقصد پائیدار زراعت اور موسمیاتی مطابقت کے منصوبوں کی مالی معاونت ہے۔

مقبول خبریں