آسٹریلیا کو مزید دھچکا، ایک اور اہم کھلاڑی بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر

مارنس لبوشین کو خراب کارکردگی کے باعث ابتدائی طور پر بھارت کے خلاف اسکواڈ سے باہر رکھا گیا تھا


اسپورٹس ڈیسک October 17, 2025

آسٹریلوی ٹیم کو بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل ہی شدید انجری مسائل کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کو آل راؤنڈر کیمرون گرین کی انجری کی صورت میں ایک مزید بڑا دھچکا لگا ہے۔

کیمرون گرین بھارت کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے مارنس لبوشین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

مارنس لبوشین کو گزشتہ سیریز میں خراب کارکردگی کی بنیاد پر ابتدائی طور پر بھارت کے خلاف اسکواڈ سے باہر رکھا گیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کے مطابق کیمرون گرین کی انجری معمولی ہے اور وہ ممکنہ طور پر انگلینڈ کے خلاف ایشیز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ کپتان پیٹ کمنز، جارح مزاج بیٹنگ آل راؤنڈر گلین میکسویل اور جوش انگلس بھی انجری کے باعث اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔

اسپنر ایڈم ایمپا خاندانی مصروفیات کے باعث پہلے میچ اور وکٹ کیپر بلے باز ایلکس کیری شیفیلڈ شیلڈ کھیلنے کے باعث پوری سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

مقبول خبریں