کراچی:
جدید فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام نے ڈی آئی جی ٹریفک کی گاڑی کا بھی چالان ٹکٹ جاری کر دیا، چالان ڈرائیور کی جانب سے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی خلاف ورزی پر 10 ہزار روپے کا کاٹا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں حال میں نافذ ہونے والے جدید فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام نے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی گاڑی کا بھی چالان ٹکٹ جاری کر دیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کی گاڑی کا چالان لیاری ایکسپریس وے سے گارڈن انٹر چینج اترتے ہوئے ہوا، ڈی آئی جی ٹریفک کی گاڑی ان کا ڈرائیور چلا رہا تھا جبکہ گاڑی میں ڈی آئی جی ٹریفک سوار نہیں تھے اور ان کا اسکواڈ انہیں گارڈن ہیڈ کواٹر لینے آرہا تھا۔

چالان ڈرائیور کی جانب سے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی خلاف ورزی پر 10 ہزار روپے کا کاٹا گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ٹریفک پولیس شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ہمیشہ سیٹ بیلٹ استعمال کریں۔
ٹریفک چالان
دوسری جانب، ٹریفک پولیس کی جانب سے ای چالان نظام کے نفاذ کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری ہیں، ٹریفک پولیس نے 24 گھنٹوں کے دوران 2 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کے 4301 الیکٹرانک چالان جاری کر دیے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سیٹ بیلٹس کی خلاف ورزی پر 2290، اوور اسپیڈنگ پر 845، بغیر ہیلمٹ پر 655 چالان کیے گئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی پر 306، موبائل فون کے استعمال پر 162، رانگ وے پر 33 چالان کیے گئے۔ لین لائن کے غلط استعمال پر 21، غیر قانونی پارکنگ پر 15، اوور لوڈنگ پر 4، رانگ وے پر ون وے اسٹریٹ پر 16، کالے شیشوں پر 3، اسٹاپ لین کی خلاف ورزی پر 6 اور غلط پارکنگ پر 15 چالان کیے گئے ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے افتتاح کے بعد ابتدائی 6 گھنٹوں میں 2662 اور منگل کے روز رات 12 بجے تک مجموعی طور پر 4301 ای ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق یہ نظام شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے اور مؤثر نگرانی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور عوامی تعاون سے یہ نظام مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
شہریوں سے اپیل ہے کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر ہو اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔