کراچی:
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس، ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی میں آنے والی خسرہ، روبیلا اور پولیو سے بچاؤ کی مہم کے حوالے سے ایڈوکیسی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر نعیم قائمخانی، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے اراکین، سماجی کارکنان اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فرقان نبیل خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خسرہ ایک مہلک مرض ہے جو بچوں کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے، اپنے بچوں کو اس مہلک بیماری سے بچاؤ کے لیے والدین ویکسین ضرور لگوائیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کردینے والی بیماری ہے، خسرہ اور روبیلا ( جرمن خسرہ ) سے بچاؤ کی ویکسین کے ساتھ ساتھ اس مہم کے دوران بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔
ڈاکٹر فرقان نبیل خان نے کہا کہ 17 نومبر سے شروع ہونے والی مہم میں ضلع وسطی میں 5 لاکھ 65 ہزار 155 بچوں تک رسائی یقینی بنائی جائے گی جس میں 1500 سے زیادہ ہیلتھ ورکر حصہ لیں گے۔
ڈاکٹر فرقان نبیل خان نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم کے دوران گھر گھر آنے والی محکمہ صحت سندھ کی ٹیموں سے تعاون کریں اور بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے ٹیکے لگوائیں اور پولیو کے قطرے بھی پلوائیں۔
سیمینار میں معروف مزاحیہ اداکار سلیم آفریدی، سماجی کارکن یونس آمین سمیت نے شرکا سے اظہار خیال کرتے ہوئے خسرہ، روبیلا اور پولیو سے بچاؤ کے لیے آگاہی دی۔