اسلام آباد:
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کو آئینی عدالت کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔
وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جسٹس امین الدین خان کی آئینی عدالت کے چیف جسٹس کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 175اے اور آرٹیکل 175سی کے تحت وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس کا تقرر کیا گیا ہے اور جسٹس امین الدین خان آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس ہوں گے۔
جسٹس امین الدین خان 26 ویں ترمیم کے تحت بننے والے آئینی بنچ کے سربراہ تھے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیہ رکھ لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیہ کل چیف جسٹس ہاؤس میں ہوگا، جس میں سپریم کورٹ کے ججوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جسٹس امین الدین خان 30 نومبر کو سپریم کورٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں تاہم اب آئینی عدالت کے چیف جسٹس بننے کی صورت میں ان کے عہدے کی مدت میں اضافہ ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ 27 ترمیم کے تحت سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی جگہ آئینی عدالت قائم ہوگی۔