اوگرا کا قیمتوں میں کمی کا دعویٰ بے نقاب، صارفین کیلیے گیس مزید مہنگی کر دی

شارٹ فال میں گیس کمپنیوں کے لیے 60 ارب 88 کروڑ روپے کی ایڈجسٹمنٹ کی بھی منظوری


ویب ڈیسک November 25, 2025

اسلام آباد:

اوگرا کے اعلامیے میں گیس کی قیمتوں میں کمی کے دعوے کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ ادارے نے مجموعی طور پر گیس کی قیمتوں میں کمی نہیں بلکہ اضافے کی منظوری دی ہے۔

دستاویزات کے مطابق اوگرا نے رواں مالی سال کے لیے گیس کی قیمتوں میں 7.14 فیصد تک اضافہ منظور کیا ہے۔

سوئی سدرن کے لیے گیس کی قیمت میں 118 روپے 47 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مجموعی قیمت 1777 روپے 02 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ جائے گی۔ یہ اضافہ 7.14 فیصد بنتا ہے۔

اسی طرح سوئی ناردرن کے لیے 4.89 فیصد اضافہ منظور کیا گیا ہے، جو 86 روپے 30 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو بنتا ہے۔

نئی قیمت بڑھ کر 1852 روپے 80 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

اوگرا نے سابقہ شارٹ فال میں گیس کمپنیوں کے لیے 60 ارب 88 کروڑ روپے کی ایڈجسٹمنٹ کی بھی اجازت دی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اوسطاً 8 فیصد کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے میڈیا کو اعلامیہ جاری کیا تھا،

 تاہم اصل اعدادوشمار کے مطابق صارفین کے لیے ریلیف کے بجائے بوجھ میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

مقبول خبریں