پنجاب میں بے سہارا بیواؤں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے غاصبوں کے خلاف سخت ایکشن

ہر سرکاری فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی شہری کی ملکیت غیر محفوظ نہ رہے، مریم نواز


ویب ڈیسک November 27, 2025

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبے میں ناجائز قبضوں خصوصاً بے سہارا بیواؤں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کا حکم جاری کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں ہونے والے ہر سرکاری فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی شہری کی ملکیت غیر محفوظ نہ رہے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران پنجاب بھر سے ناجائز قبضوں کے خلاف 2919 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن میں سے ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹیوں نے 499 کیس حل کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ باقی تمام کیسز کو بھی فوری ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

مریم نوازشریف نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو روزانہ DRC اجلاس منعقد کرنے اور قبضہ کیسز کی پیش رفت کی رپورٹ روزانہ وزیراعلیٰ آفس بھجوانے کا حکم دیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود روزانہ کی بنیاد پر پورے عمل کی نگرانی کریں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ORDINANCE 2025 کے مکمل نفاذ کی بھی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عوام تک حکومتی اقدامات کی آگاہی یقینی بنانے کے لیے پنجاب بھر کی مساجد میں اعلانات کیے جائیں۔ انہوں نے ہر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں قبضے کے حوالے سے درخواستیں وصول کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

مریم نواز نے گجرات، لیہ، حافظ آباد اور دیگر اضلاع میں قبضہ کیسز کے فیصلوں میں تاخیر پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ناجائز قبضے کے کیسز کے جلد حل سے عوام کو فوری ریلیف دینا چاہتے ہیں، اور میں اس سسٹم کی خود نگرانی کروں گی۔

مقبول خبریں