خیبرپختونخوا ضلع صوابی کی پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے باپ کو مارنے والے سفاک بیٹے کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صوابی کے علاقے زیدہ پولیس نے اندھے قتل کیس کو ٹریس کرکے ملزم کو آلہ قتل پستول سمیت گرفتارکر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم مقتول کا اپنا سگا بیٹا نکلا جس ۔نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔
ضلعی پولیس آفیسر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ روز آیان اللہ نے تھانہ زیدہ میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے 52 سالہ والد عباد اللہ کو جمعے کی صبح کو نماز فجر پڑھنے کے لئے مسجد جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
اس درد ناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی ضیاء الدین احمد نے اصل حقائق سامنے لانے اور ملزم/ملزمان کو ٹریس کرکے ان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک دیا۔
ڈی ایس پی سرکل صوابی اعجاز آبازئی کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ زیدہ فاروق خان اور تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں اصل ملزم تک رسائی حاصل کرکے مقتول کے سگے بیٹے عیان اللہ کو گرفتارکر لیا۔
تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ قتل کوئی بیرونی کارروائی نہیں بلکہ مقتول کا سگا بیٹا ہی قاتل نکلا۔ ملزم نے دوران انٹروگیشن اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ والد کے ساتھ معمولی گھریلو جھگڑوں اور ناراضی کے باعث اس نے اپنے والد پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔مزید تفتیش جاری ہے،