لاہور:
جے یو آئی نے پنجاب میں عوامی آگاہی کے بغیر نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ کو ظالمانہ قرار دے دیا۔
ترجمان جے یو آئی پنجاب حافظ غضنفر عزیز کا کہنا ہے کہ حکمران عوامی آگاہی اور سماجی طبقات کو اعتماد میں لئے بغیر قانون سازی سے معاشرے میں ہیجان پیدا کر رہے ہیں۔ ترقی یافتہ دنیا کے قوانین ترقی پذیر ممالک میں نافذ کرنے سے معاشرہ انتشار کا شکار ہوتا ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ پنجاب کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور معاشرتی یکجہتی کو توڑنے سے گریز کریں۔ نئے قوانین بیوروکریسی کے ظلم و جبر اور رشوت ستانی میں شدید اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمران اقتدار کے نشے میں عوام کی مشکلات میں اضافے سے گریز کریں۔