پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی مشن میں بھارت رکاوٹ بن گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت مسلسل پاکستان کی جانب سے سری لنکا کو بھیجی جانے والی انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ پاکستان کا خصوصی طیارہ گزشتہ 60 گھنٹوں سے بھارت کی جانب سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارت نے 48 گھنٹے بعد جو جزوی کلیئرنس دی وہ عملی طور پر ناقابلِ استعمال تھی۔ نہایت محدود دورانیے کے لیے اجازت دی گئی اور واپسی کے سفر کے لیے کوئی منظوری نہیں دی گئی، جس سے ہنگامی امدادی مشن شدید متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے بھائی چارے کے جذبے کے تحت فوری امداد پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے، تاہم بھارتی ہٹ دھرمی انسانیت کے اس اہم مشن کی راہ میں کھڑی ہے۔