ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
رائے پور میں کھیلےگئے میچ میں جنوبی افریقا نے 359 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کیا۔
پروٹیز کی جانب سے اوپنر ایڈن مارکرم 110 رنز بنا کر نمایاں رہے۔میتھیو برٹزکے 68، ڈیوالڈ بریوس 54، کپتان ٹیمبا باووما 46، ٹونی ڈی زورزی 17 (ریٹائرڈ ہرٹ) کوئنٹن ڈی کاک 8 اور مارکو جینسن 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کوربن بوش 29 اور کیشو مہاراج 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور پرسدھ کرشنا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہرشت رانا اور کلدیپ یادو 1، 1 وکٹ لے سکے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی جانب سے رُتوراج گائیکواڈ اور ویرات کوہلی بالترتیب 105 اور 102 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان کے ایل راہول 66 اور رویندر جڈیجا 24 رنز کی ناآؤٹ باری کھیل کر پویلین لوٹے۔
یشسوی جیسوال 28، روہت شرما 14 اور واشنگٹن سندر 1 رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
پروٹیز کی جانب سے مارکو جینسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ لُنگی اینگیڈی اور ناندرے برجر 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔
واضح رہے اس سے قبل آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف 359 رنز کا ہدف حاصل کر کے بھارت کے خلاف بڑا ٹوٹل حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا، جس کو آج جنوبی افریقا نے شیئر کر لیا ہے۔