میجر محمد اکرم شہید کی 54ویں برسی، چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کا خراجِ عقیدت

19 مئی 1971 کو میجر محمد اکرم نے دشمن کو روک کر اپنی پوزیشن بہادری سے برقرار رکھی


ویب ڈیسک December 05, 2025

مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے میجر محمد اکرم شہید، نشانِ حیدر کی 54ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے میجر محمد اکرم شہید، نشانِ حیدر کی 54ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی۔

میجر محمد اکرم شہید نے 1971 میں ہلی سیکٹر (سابق مشرقی پاکستان) میں 4 فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی ایک کمپنی کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی جرات اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ 19 مئی 1971 کو انہوں نے دشمن کو کسی قسم کا دفاعی فائدہ حاصل کرنے سے روک کر اپنی پوزیشن بہادری سے برقرار رکھی۔

بعد ازاں 3 دسمبر 1971 کو انہیں دشمن کے مضبوط مورچوں پر حملہ کرنے کا حکم دیا گیا، جہاں میجر محمد اکرم شہید نے بے مثال دلیری کے ساتھ پیش قدمی کرتے ہوئے دشمن کے تین ٹینک تباہ کیے اور شدید زخمی ہونے تک لڑتے رہے۔

وہ 5 دسمبر 1971 کو جامِ شہادت نوش کر گئے اور اپنے جذبۂ شجاعت و فرض شناسی کی بے مثال داستان رقم کی۔

اس موقع پر پاک افواج نے تمام شہداء کے عظیم جذبے اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی کہ وطنِ عزیز کی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار رہیں گے۔ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں پر ہمیشہ فخر کرتی رہے گی جن کی قربانیاں تاریخ میں امر ہیں۔

مقبول خبریں