معین خان کیلئے دعائے مغفرت، فیک نیوز پر سندھ اسمبلی میں دلچسپ صورتحال

صابر قائمخانی کوبتایا گیا کہ یہ فیک نیوز ہے جس پر انہوں نے کھڑے ہوکر معذرت کی


اسٹاف رپورٹر December 05, 2025

کراچی:

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اُس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایم کیو ایم پاکستان کے رکن صابر قائمخانی نے سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہ پر یقین کرتے ہوئے سابق قومی کرکٹر معین خان کے انتقال پر مغفرت کی دعا کی درخواست کردی۔

اجلاس کی صدارت اسپیکر اویس قادر شاہ کر رہے تھے۔ انہوں نے فوراً رکن اسمبلی کو بتایا کہ یہ خبر غلط ہے اور سوشل میڈیا کی فیک نیوز ہے۔ دیگر اراکین نے بھی صابر قائمخانی کو روکا جس پر انہوں نے کھڑے ہوکر معذرت کی۔

واضح رہے کہ 2 دسمبر کو حیدرآباد کے سینئر کرکٹر 65 سالہ معین خان راجپوت کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر غلط طور پر 1992 ورلڈ کپ کے ہیرو اور سابق وکٹ کیپر بیٹسمین معین خان کے انتقال کی افواہ پھیل گئی تھی۔ اس غلط خبر نے دنیا بھر میں معین خان کے اہلخانہ، دوستوں اور مداحوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔

معین خان نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے خبر چلانا افسوسناک ہے، اس سے انہیں اور ان کے چاہنے والوں کو غیر ضروری اذیت اٹھانا پڑی۔

مقبول خبریں