’ طلال چوہدری نےبھائی کےلیےاثر ورسوخ استعمال کیا‘الیکشن کمیشن کی متعلقہ افسرکیخلاف کارروائی کی ہدایت

وزیر مملکت داخلہ اور ان کے بھائی کیخلاف ضمنی انتخابات کےدوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی


ویب ڈیسک December 18, 2025

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں  وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور ان کے بھائی بلال چوہدری کے خلاف ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پانچ رکنی بینچ نے سماعت  کی۔

اسپیشل سیکریٹری  ظفر اقبال نے کہا کہ 10 نومبرکو تین شکایات الیکشن کمیشن کوموصول ہوئیں تھی، امیدواروں کی جانب سے شکایات کی گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وہ شکایات ڈی ایم اوکو شیئرکیں، وزیرمملکت طلال چوہدری نے اپنے بھائی کیلئے اثرورسوخ استعمال کیا، طلال چوہدری نے الیکشن مہم چلائی اور کارنر میٹنگز کیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کون تھا؟ اسپیشل سیکرٹری  نے کہا کہ محمد مرتضیٰ ملک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیں۔

چیف الیکشن کمشنرنے اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سرزنش کی اور کہا کہ سیکرٹری صاحب آپ سے پڑھا بھی نہیں جارہا۔

ممبرکمیشن پنجاب نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسرنے پہلی شکایت میں کہا آپ کا قصور نہیں ہے، دوسری میں باز رہنے کا کہا اور تیسری شکایت میں جرمانہ کیا۔

چیف الیکشن کمشن  نے مکالمہ کیا کہ سیکرٹری صاحب آپ آج تیاری کرکے نہیں آئے ، کمیشن نے کیس کی سماعت آٹھ جنوری تک ملتوی کردی۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور بلال چوہدری انتخابی ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس میں الیکشن کمیشن نے ڈی ایم او فیصل آباد کیخلاف کارروائی کی ہدایت  کی اور چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم نے ڈی ایم اوز کو الیکشن سے متعلق ٹریننگ کروائی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈی ایم او کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معلوم بھی نہیں، الیکشن کمیشن نے ڈی ایم او فیصل آباد کے خلاف انکوائری کرنے کا حکم دیا۔

وکیل نے کہا کہ طلال چوہدری نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی، چیف الیکشن کمشنر  نے کہا کہ میڈیا نے رپورٹ کیا کہ طلال چوہدری نے شام کو تقریر کی ہے۔

وکیل طلال چوہدری نے کہا کہ میرے پاس مقامی میڈیا کی رپورٹس کی ٹرانسکرپٹ موجود نہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے طلال چوہدری کے وکیل کو ٹرانسکرپٹ فراہم کرنے کا حکم دیا، الیکشن کمیشن نے کیس کی مزیدسماعت 8 جنوری تک ملتوی کردی۔

مقبول خبریں