نورا فتحی کا فلم ’جیلر 2‘ میں ڈانس نمبر کے حوالے سے اہم انکشاف

نورا نے فلم کے لیے آئٹم نمبر کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے جو چنئی میں فلمایا گیا


ویب ڈیسک December 20, 2025

بھارتی اداکارہ اور ڈانسر نورا فتحی نے سپر اسٹار رجنی کانت کی آنے والی فلم جیلر 2 میں اپنے خصوصی ڈانس نمبر سے متعلق بات کرتے ہوئے اسے ایک یادگار اور شاندار تجربہ قرار دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نورا نے فلم کے لیے آئٹم نمبر کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے، جو چنئی میں فلمایا گیا۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں نورا فتحی کو شوٹنگ ختم کرنے کے بعد سیٹ سے باہر آتے دیکھا گیا۔ اگرچہ انہوں نے ویڈیو میں فلم کا نام نہیں لیا، تاہم اپنے الفاظ میں اس پروجیکٹ کو ’واقعی ایپک‘ کہا۔

نورا کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کا آخری دن تھا، سب کچھ زبردست رہا اور انہوں نے کچھ بہت ہی خاص فلمایا، البتہ مسلسل صبح چار بجے کی کالز نے انہیں تھکا دیا۔

ذرائع کے مطابق جیلر 2 میں یہ نورا فتحی کی رجنی کانت کے ساتھ پہلی شراکت ہوگی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جیلر (2023) میں تمنا بھاٹیہ کا گانا ’کاوالا‘ غیر معمولی مقبول ہوا تھا، جس کے بعد سیکوئل میں خصوصی ڈانس نمبرز سے توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔

نورا فتحی جلد ہی تمل فلم انڈسٹری میں بطور مرکزی اداکارہ ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔ وہ راگھوا لارنس کی ہارر کامیڈی فلم ’کانچنا 4‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گی، جس میں پوجا ہیگڑے بھی شامل ہیں۔

’جیلر 2‘ ایک ایکشن کامیڈی فلم ہے، جس کی ہدایت کاری نیلسن دلیپ کمار کر رہے ہیں۔ فلم میں رجنی کانت مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جبکہ موہن لال، شیوراج کمار، وجے سیتھوپتی، ودیا بالن اور متھن چکرورتی سمیت کئی بڑے ناموں کی شمولیت متوقع ہے۔ فلم کو اگست 2026 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

مقبول خبریں