ایم کیو ایم کی 40 سالہ پُرتشدد تاریخ کراچی کے چہرے پر بدنما داغ ہے، ترجمان سندھ حکومت

کراچی والے آپ کی سازشی اور متعصبانہ باتوں سے بہت آگے نکل چکے ہیں، سمعتا افضال سید


ویب ڈیسک December 20, 2025

کراچی:

ترجمان سندھ حکومت سمعتا افضال سید نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی 40 سالہ پُرتشدد تاریخ کراچی کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت سمعتا افضال سید نے کہا کہ فاروق بھائی بڑے ہو جائیں، کراچی والے آپ کی سازشی اور متعصبانہ باتوں سے بہت  آگے نکل چکے ہیں۔ کراچی کے محاصل پر آپ کو وفاق سے بات کرنی چاہیے، مگر نہیں کرتے کیونکہ آپ وہاں اتحادی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑھکیں ضرور ماریں لیکن وہاں ماریں جہاں ضرورت ہو۔ آپ کی 40 سالہ تشدد سے بھری تاریخ کراچی کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔ آپ نے اپنے ادوار میں کام کیے ہوتے تو کراچی کی صورتحال مختلف ہوتی۔ فاروق ستار نہ صرف ماضی میں کراچی کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں بلکہ آج بھی وہ عوام کے مفاد کے ی بجائے اپنے سیاسی ایجنڈے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

سمعتا افضال  کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں جو اب مکمل ہونے جا رہے ہیں تو آپ کو پیٹ میں مروڑ پڑ رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کی تمام تر سازشی کوششوں کا مقصد پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کی کارکردگی پر دھبہ ڈالنا ہے۔ کراچی میں بنیادی سہولیات کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی سندھ حکومت کے زیر عمل ہے۔ سندھ حکومت نے کراچی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، پانی کی بحالی اور سڑکوں کی مرمت کے لیے مسلسل اقدامات کیے ہیں۔

دریں اثنا سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایسا لگتا ہے ایم کیو ایم نے فاروق ستار کو سچ بولنے سے روک دیا ہے۔ فرسودہ اسکرپٹ کے ذریعے عوام کو مزید گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔جو جماعت برسوں کراچی میں بھتہ خوری اور خوف کی علامت رہی، آج وہ کس منہ سے بات کر رہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے آباد کی شکایات کا نوٹس لے لیا ہے، جلد عملی نتائج سامنے آئیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی کراچی کو بھتہ خوروں سے نجات دلا کر امن واپس لوٹایا۔ ایم کیو ایم کے تربیت یافتہ عناصر دوبارہ سر اٹھانا چاہتے ہیں، انہیں قانون کے تحت سختی سے روکا جائے گا۔

سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ 10 سال وفاق میں بیٹھ کر کراچی کو الزامات کے سوا کچھ نہیں دیا گیا۔اگر کراچی سے واقعی محبت ہے تو کے فور منصوبے کے فنڈز کیوں نہیں دلائے؟

مقبول خبریں